پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا، اپوزیشن کا احتجاج

233

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے شدید احتجاج کے دوران مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد حمد خان کی زیرصدارت اجلاس تاخیر سے شروع ہوا، تاہم اپوزیشن کی جانب سے کورم نامکمل ہونے کی نشاندہی پر گنتی کی گئی اور کورم کو مکمل قرار دیتے ہوئے اسپیکر نے نومنتخب ارکان کو حلف اٹھانے کی دعوت دی۔

نومنتخب ارکان جیسے ہی حلف کے لیے کھڑے ہوئے تو اپوزیشن کی جانب سے احتجاج شروع کردیا گیا اور ایوان میں نعرے بازی کی گئی۔ اپوزیشن نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور نامنظور نامنظور کے نعرے لگائے جب کہ سنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر معاملہ عدالت میں ہے، حلف نہ اٹھا جائے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے سب قانون کے مطابق ہے۔

اس موقع پر نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا یا جب کہ اپوزیشن کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ا پوزیشن ارکان شیم شیم اور نامنظور کے نعرے لگاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری نشستیں ہیں، جن پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر حلف لینے والوں میں سعدیہ مظفر ، فضا میمونہ ، عابدہ بشیر ، مقصودن بی بی، عامرہ خان، صومیہ عطا ، راحت افزا ، رخسانہ شفیق ، تحسین فواد ، فرزانہ عباس، شگفتہ فیصل ، عظمیٰ بٹ ، ماریہ طلال ، ساجدہ نوید، نسرین ریاض ، افشین حسن ، آمنہ پروین ، شہر بانو ، زیبا غفور ، روبینہ نذیر اور سیدہ سمیرہ احمد شامل ہیں جب کہ اقلیتوں میں طارق مسیح ، وسیم انجم اور بسرو جی نے حلف لیا۔