مالیاتی امور میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،وزیر اعلی پنجاب 

136

لاہور:نو منتخب وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مالیاتی امور میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ سول سرونٹس محب وطن اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں، احتساب، شفافیت، کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں، کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت دربار ہال سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری خزانہ نے نومنتخب وزیراعلی کو محکموں کے افعال کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

مریم نواز نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی اور پولیو سے بچائو پر توجہ دی جائے، عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہئے، صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خدمت کے جذبے سے سر شار، دیانتدار افسروں کو سیلوٹ کرتی ہوں، میرٹ کی خلاف ورزی کروں گی نہ ہونے دوں گی، کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیے، سٹرکچرل ریفارمز کرنا ہوں گی، مسائل کی جڑ تک پہنچ کر ختم کریں گے، افسر اور ملازمین میری ٹیم ہیں، کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائے گا، عوام کی خدمت کے مشن کی تکمیل کے لئے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

وزیراعلی نے کہا کہ سول سرونٹس محب وطن اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں، احتساب، شفافیت، کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں، کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں۔