جعلی مینڈیٹ کسی صورت قبول نہیں، حافظ نعیم کا انتخابی نتائج ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

391
vaders, landlords

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عام انتخابات میں جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹیں چھیننے اور مینڈیٹ پر قبضے کے خلاف اسٹار گیٹ، شاہراہ فیصل پر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ کراچی کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اسٹیبلشمنٹ کی ایماء پر پیپلزپارٹی اور ایم کیوا یم کو کراچی پر مسلط کیا گیا ہے۔

عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کے خلاف شہر بھرمیں 8مقاما ت پر مظاہرے کیے گئے، جن میں کورنگی ڈھائی نمبر،واٹر پمپ شاہراہ پاکستان،یوپی موڑ نارتھ کراچی،اورنگی پونے پانچ،حسن اسکوائر،قائدآباد چورنگی،امتیاز سپر مارکیٹ ناظم آباد نمبر ۷شامل ہیں۔

مظاہروں میں کارکنان نے الیکشن کمیشن کے خلا ف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نعرہ تکبیر اللہ اکبر، تیز ہو تیز ہو جدوجہد تیز ہو، گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دو،امریکا کے یاروں کو ایک دھکا اور دو،میدان میں آیا شیروں کا لشکر اللہ اکبر ودیگر نعرے بھی لگائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  الیکشن کمیشن کا کام صاف و شفاف انتخابات کروانا تھا وہ لکھے ہوئے فیصلوں کا اعلان سنا کر شرمناک انداز میں عوامی مینڈیٹ کی توہین کرتا رہا،کراچی کی تمام قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواران نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں اور ان تمام نشستوں کے فارم ہمارے پاس موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  امیرجماعت اسلامی پاکستان نے فیصلہ کیا ہے ہم جعلی مینڈیٹ کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے نتائج ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کے ساتھ سڑکوں پر بھی عوام کا مقدمہ لڑیں گے اور نتائج کالعدم کروائیں گے، ہم نے چیف جسٹس آف پاکستان کو انتخابی حقائق کے حوالے سے خط ارسال کردیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   کراچی کے عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے جماعت اسلامی پر مکمل اعتماد کیا ہے، پورے پاکستان اور کراچی کے نتائج میں فرق ہے، عوام نے جماعت اسلامی کو عام انتخابات میں بلدیاتی انتخابات سے زیادہ ووٹ دیے ہیں۔