عام انتخابات:صوبائی اسمبلیوں میں پارٹی پوزیشن واضح ہوگئی

525

اسلام آباد: عام انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پارٹی پوزیشن واضح ہو گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں پیپلز پارٹی، پختونخوا میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار، پنجاب میں مسلم لیگ ن نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ بلوچستان میں فی الحال پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ اکثریت میں نظر آ رہی ہے۔

پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 نشستوں کا اعلان سامنے آ چکا ہے، جس میں آزاد امیدواروں کی تعداد 138 اور مسلم لیگ 137 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اسی طرح پیپلز پارٹی 10، اور ق لیگ کی 8 نشستیں ہیں۔ آئی پی پی، ٹی ایل پی اورپاکستان مسلم لیگ ضیا  ایک ایک نشست پر کامیاب  ہوئی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب اسمبلی کی نشست پی کے 266 رحیم یار خان پر امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کیے گئے۔

سندھ اسمبلی کے تمام حلقوں کے نتائج الیکشن کمیشن نے جاری کردیے ہیں۔ 130 نشستوں کے اعلان کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 84 نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ ایم کیو ایم کو 28 اور آزاد امیدواروں کو 14 نشستیں ملیں۔ اسی طرح جی ڈی اے اور جماعت اسلامی بھی 2،2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔

بلوچستان اسمبلی کے 45 حلقوں پر نتائج کا اعلان کردیا گیا جب کہ 6 حلقوں پر نتائج کا اعلان باقی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں پیپلزپارٹی نے 11نشستیں حاصل کیں۔ مسلم لیگ ن 9 نشستیں حاصل کر پائی جب کہ جے یو آئی کی 8 نشستیں ہیں اور 6آزاد امیدوار بھی بلوچستان اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ علاوہ ازیں بلوچستان عوامی پارٹی 4، عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی 2، 2 نشستیں حاصل کر پائیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے ایک ایک نشست حاصل کی۔

خیبرپختونخوا کی تمام 113 نشستوں پر نتائج کا اعلان کردیا گیا۔غیر حتمی نتائج کے مطابق صوبائی اسمبلی میں 91  آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ جے یو آئی کو 7، مسلم لیگ ن کو 5 نشستیں ملیں۔ پیپلزپارٹی 4،جماعت اسلامی 3 نشستیں  حاصل کر پائی۔ اے این پی  کے ایک امیدوار اور پی ٹی آئی  پارلیمنٹرین کے 2 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔