انتخابی نشان: الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی  کی درخواست  پر تحریر فیصلہ جاری

201
party symbol

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے سلمان اکرم راجا کی درخواست کا تحریر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مقررہ وقت میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے میں ناکام رہی ہے، جس کی وجہ سے انتخابی نشان آلاٹ نہیں کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ جماعت ہے،پی ٹی آئی الیکشن ایکٹ سیکشن 209پر عمل نہ کرسکی اور انتخابی نشان کیلیے نااہل ہوئی، جس کے بعد سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجا نے کہاکہ فارم 33 کے کالم 5 میں ان کی سیاسی جماعت کا نام لکھا جائے، جس پر الیکشن کمیشن نے کہاکہ سلمان اکرم راجا کو پی ٹی آئی کے نامزد کردہ کے طور پر نہیں دیکھا جاسکتا، انتخابی نشان کی غیر موجودگی میں سلمان اکرم راجا کی پارٹی کا نام فارم 33 میں نہیں لکھا جاسکتا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے پارٹی چیئرمین کے الیکشن کو قبول نہیں کیا اور سرٹیفکیٹ نوٹیفائی نہیں کیا،  گوہر علی خان پی ٹی آئی کے پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کرسکتے،سلمان اکرم راجا کو آزاد انتخابی نشان دیا گیا، ان کے نام کے آگے پی ٹی آئی نہیں لکھا جاسکتا۔

الیکشن رولز کے مطابق سیاسی جماعت وہ ہے جس کو الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان آلاٹ کیا ہے، سلمان اکرم راجا جس جماعت سے سیاسی وابستگی ظاہر کررہے ہیں، اس الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان آلاٹ ہی نہیں کیا ہے، ان کی جانب سے پارٹی نام لکھنے کا مطالبہ غلط فہمی پر مبنی ہے، سلمان اکرم راجا کی درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔