بلدیاتی انتخابات میں پی پی کو ووٹ نہ ملنے پر عوام  کا پانی بند کردیا گیا، حافظ نعیم

401
vaders, landlords

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی نئی سوچ یہ ہے کہ عوام اگر ان کو ووٹ نہ دیں تو ان کا پانی بند کردو، دیہی وڈیرے عوام سے زبردستی ووٹ لے کر اقتدار پر قبضہ کرتے ہیں اور ان پر ظلم کرتے ہیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  شہری وڈیرے خاندان اور وراثت پر چلنے والی پارٹیوں کو سپورٹ فراہم کرتے ہیں اور یہ دونوں مل کر عوام کا استحصال اور لوٹ مار کرتے ہیں،غیر جانبدار سروے بتارہے ہیں کہ ایم کیوا یم کراچی سے بالکل صفر ہوگئی ہے،پیپلزپارٹی بھی غیر مقبول پارٹی ہے، کراچی کے عوام کی چوائس صرف اور صرف ترازو ہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف سے انٹراپارٹی الیکشن کے نام پر انتخابی نشان واپس لینا زیادتی ہے،انٹراپارٹی الیکشن کی بنیاد پر تو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا انتخابی نشان بھی واپس لیناچا ہیئے،ہم نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی سے عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والوں نے عوام کے مینڈیٹ کی قدر نہیں کی، میئر کے انتخابات میں بھی ان کے 32لوگ نہیں آسکے، اب  پی ٹی آئی کے لوگ آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اوربلاول بھٹو زرداری کہہ رہے ہیں کہ ہم آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ   اس لیے کراچی کے عوام چاہے کہ ان کا تعلق خواہ کسی بھی پارٹی سے ہو وہ صرف اور صرف ترازو کو ووٹ دیں کیونکہ جماعت اسلامی کے سوا دیا گیاکسی بھی پارٹی کو ووٹ وڈیروں اور جاگیرداروں کے پاس ہی جائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کے امیدوار اقتدار میں آنے کے بعد اپنے لیے نہیں بلکہ کراچی کے عوام کے حقوق کے حصول کے لیے لڑیں گے، کراچی کے عوام کے لیے فری آئی ٹی یونیورسٹی بنوائیں گے، ہیلتھ کارڈز بنوائیں گے،باعزت ٹرانسپورٹ دیں گے اس لیے 8فروری کو گھروں سے نکلیں اورووٹ ڈالیں۔