بلوچستان میں 5 دھماکے، ڈی سی آفس پر بم حملہ، ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی

210

کوئٹہ:بلوچستان میں مختلف علاقوں میں 5 دھماکے اور ڈی سی آفس پر حملہ ہوا۔ ایک دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق کوئٹہ، پنجگور، مستونگ، تربت اور خضدار میں دھماکوں کے علاوہ ڈی سی آفس پر دستی بم حملے کے واقعات ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت کے اسپنی روڈ پر دھماکا اتنا زور دار تھا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ واقعے کے بعد امدادی اور سیکورٹی ادارے جائے وقوع پر پہنچے۔ واقعے میں ایک شخص کے ہلاک اور کچھ دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

علاوہ ازیں تربت میں چوک غلام نبی پر دستی بم دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ اُدھر جعفر آباد ضلع کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں دھماکا ہوا۔ قومی شاہراہ پر کریکر دھماکے میں 3 زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ چوتھا دھماکا کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر ہوا۔ دستی بم کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

خضدار میں بی این پی اور جے یو آئی کے مشترکہ دفتر پر دستی بم حملہ کیا گیا، تاہم ، پولیس کے مطابق دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثنا  پنجگور کے علاقے چتکان میں ڈی سی آفس میں دستی بم صحن میں گر کر پھٹ گیا، پولیس کے مطابق بم پھٹنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مستونگ میں سینٹرل جیل کے اندر دستی بم حملہ کیا گیا جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تمام واقعات میں سیکورٹی فورسز نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق دھماکوں کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔