بلوچ نوجوانوں کو مذموم مقاصد میں استعمال کرنے کا بھارتی منصوبہ بے نقاب

323

اسلام آ باد: بھارت کی جانب سے بلوچ نوجوانوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔ بھارت نے پاکستان دشمنی میں تمام حدیں پار کرلیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلوچ نوجوانوں کو ڈالرز کی چمک دکھا کر سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لیے آن لائن نوکریاں دینے کا سلسلہ شروع کردیا۔ بھارتی کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر بلوچ نوجوانوں کو نوکری دینے کے حوالے سے اشتہار بھی جاری کردیا ۔

کمپنی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بھی نوکری کے حوالے سے تفصیلات  جاری کی ہوئی ہیں،جس میں انہیں انگریزی سے بلوچی زبان میں مواد کا ترجمہ کرنا ہے۔ اس کامقصد ایسے مواد کی بلوچی زبان میں تشہیر ہے، جس سے بلوچ قوم کے ذہن کو پاکستان مخالف بنایا جاسکے۔ کمپنی بلوچ نوجوانوں کو ترجمہ کرنے کے عوض ادائیگی ڈالرز میں کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق ایسے مذموم کاموں سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت ایک منظم سازش کے تحت پاکستانی سرزمین کو اپنے مکروہ عزائم کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔

بھارتی پروپیگنڈے کا مقصد  معصوم بلوچ نوجوانوں کو پاکستان کے خلاف اکسا کر دہشت گردی اور دیگر خطرناک عزائم کو تکمیل تک پہنچاناچاہتا ہے۔ بھارت کی پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں اور بلوچ نوجوانوں کو استعمال کرنے کی کوشش اب کھل کر سامنے آگئی ہے۔