سیاسی جماعت کی سپورٹ: الیکشن کمیشن کا میئر کراچی کو نوٹس، قانونی کارروائی کا عندیہ

414

کراچی: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر کراچی مرتضی وہاب کو نوٹس جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے میئر کراچی کو پریس کانفرنس میں ایک سیاسی جماعت کو سپورٹ کرنے پر مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میئر کراچی ضابطہ اخلاق کی شق نمبر 18اور 41کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کے مطابق میئر، چیئرمین اور ناظم کسی سیاسی جماعت کو سپورٹ نہیں کر سکتے،الیکشن کمیشن کے نوٹس میں اس ضمن میں میئر کراچی مرتضی وہاب سے  ہفتہ تک وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔

نوٹس میں الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ وضاحت نہ دینے کی صورت میں مرتضی وہاب کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔