الخدمت کے تحت بلوچستان میں 50 نئے اسکول قائم کیے جائینگے

437

راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت بلوچستان میں 50 نئے اسکول قائم کیے جائیں گے۔

سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سیدوقاص جعفری نے کہاہے کہ 2 کروڑ 62 لاکھ پاکستانی بچوں کی تعلیم سے محرومی کی رپورٹ انتہائی تشویشناک ہے الخدمت تعلیم سے محروم ان بچوں کواپنے ڈونرزکے ذریعے الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کا حصہ بنائے گی۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جائیکا کے اشتراک سے الخدمت ایجوکیشن پروگرام کی ٹیم کے لیے منعقدہ ٹریننگ ورکشاپ میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم سے محروم بچوں کے لیے بلوچستان میں رواں برس 50نئے سکول قائم کریں گے۔

اس موقع پر نیشنل ڈائریکٹر الخدمت ایجوکیشن پروگرام ڈاکٹر احمد جبران بلوچ، جائیکا پاکستان کے ڈپٹی چیف ایڈوائزر عابد گل، ٹرینرزمحمد یونس، سجاد حیدرنے بھی اظہارخیال کیا۔ٹریننگ ورکشاپ کا مقصدمعاشی مسائل کے باعث بنیادی تعلیم سے محروم بچوں کے لیے تیا کیے گئے نصاب نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے بارے میں آگاہی دینا تھا،مذکورہ نصاب کی تیاری میں تمام صوبوں کی تعلیمی ضروریات کومدنظررکھا گیا ہے۔

سیدوقاص جعفری کا کہنا تھا کہ الخدمت نے ملک بھر میں تعلیم سے محروم بچوں کے لیے مختصر دورانیہ تعلیم کے لیے چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز قائم کر رکھے ہیں۔ جہاں بچوں کو کتب، اسکول بیگ اور جوتے فراہم کیے جاتے ہیں ان بچوں کے لیے سردیوں میں گرم جیکٹس اور کمبل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سال بھر دوپہر میں ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے، تمام صوبوں میں الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرزکی تعداد دوگنا کی جارہی ہے۔