سیکورٹی فورسز کا کیچ میں آپریشن، 5 اہلکار شہید، 3 دہشتگرد مارے گئے

599
terrorists killed

کوئٹہ: سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایک آپریشن کیا جس میں 5 اہلکار شہید جب کہ 3 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 13 جنوری کو ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں ایک کارروائی کی، جس کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اسعتمال کیا، اس دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 5جوان بھی جام شہادت نوش کر گئے۔

ترجمان پاک فوج نے بیان میں بتایا کہ شہید اہلکاروں میں پنجاب کے شہر ساہیوال سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی ٹیپو رزاق، کراچی سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی سنی شوکت، ضلع لسبیلہ سے تعلق  رکھنے والے 23 سالہ سپاہی شفیع اللہ، اورکزئی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ لانس نائیک طارق علی اور ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی محمد طارق خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی ختم کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی جاری ہے، پاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوتا ہے۔