عالمی طاقتیں معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی بند کروائیں،  چیئرمین سینیٹ

312

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں اسرائیل پردباؤ ڈالیں کہ وہ معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے اور غزہ کا محاصرہ فوری ختم کر کے خوراک اور ادویات کی فراہمی آسان بنائی جائے۔

چیئرمین سینیٹ نے عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ اور اردن کے سفیر Maen Khreisat  سے  پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس  میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت فلسطین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، اسلامی ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں اورہماری قدریں مشترک ہیں، پاکستان عراق کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خاصی اہمیت دیتا ہے۔

اردن کے سفیر نے فلسطینی عوام کے لیے اردن کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غزہ میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے اردن کی جانب سے ایک اسپتال قائم ہے، فلسطینی عوام سے اردن کی تاریخی وابستگی ہے۔

 اردن کے سفیر نے کہا کہ اردن اور پاکستان کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات ہیں، پاک اردن تعلقات مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار سے جڑے ہیں۔

عراقی سفیر حامد عباس لفتہ نے کہا کہ عراق پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اقتصادی و تجارتی رابطوں کو مزید فروع دینے کی ضرورت ہے۔