جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کا بجٹ فی الفور منظور کیا جائے، حافظ نعیم کا مطالبہ

589

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز کا بجٹ فی الفور منظور کیا جائے، صرف پیپلز پارٹی کے ٹاؤنز کا بجٹ منظور کر کے نگراں صوبائی حکومت ثابت کر رہی ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا تسلسل ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ   بلدیاتی انتخابات 15جنوری کو ہوئے لیکن تاحال یوسیز کی سابقہ حدود کے مطابق ہی نظام چل رہا ہے اسے بھی ختم کر کے نئی حدود کے مطابق نظام چلایا جائے، قبضہ میئر مرتضیٰ وہاب کو مختلف ٹاؤن کی تین یوسیز سے انتخاب لڑنے کی اجازت دے کر انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ  قبضہ میئر بلدیاتی ضابطہ اخلاق کے سیکشن 16-Bکی بھی  خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخاب لڑ رہے ہیں اور اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں،الیکشن کمیشن نہ صرف تماشائی بلکہ ان کا سہولت کار بنا ہواہے، صوبائی الیکشن کمشنر انور چوہان نے پورے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی اے ٹیم کا کردار ادا کیا ہے اور آج بھی کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ   جماعت اسلامی اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف اور اہل فلسطین و مجاہدین حماس سے اظہار یکجہتی جاری رکھے گی۔ شاہراہ فیصل پر تاریخ ساز فلسطین مارچ کے بعد شہر کی مختلف شاہراؤں اور علاقوں میں خواتین کے مارچ جاری ہیں اور بہت جلد بچوں کا فلسطین ملین مارچ بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ  امریکا، برطانیہ بڑی طاقتیں اور اقوام متحدہ بھی اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں۔ عالم اسلام کے حکمرانوں کو اپنی خاموشی ترک کرنی ہو گی۔ نگراں حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ مسلم ممالک کی افواج کے سربراہوں کی کانفرنس بلائیں جس میں اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دینے، اسے تسلیم نہ کرنے اور فوری طور پر غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف کا اعلان کیا جائے۔