کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام عذاب میں مبتلا ہے، حافظ نعیم

469
should be investigated

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں ایک بار پھر بد ترین لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18سال ہو گئے کے الیکٹرک نے اپنی پیدواری صلاحیت بڑھانے اور بجلی میں خود کفیل ہونے کے بجائے سارا انحصار این ٹی ڈی سی پر کیا ہو اہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ   کے الیکٹرک این ٹی ڈی سی کے نظام میں عارضی خرابی کے باعث پیدا شدہ صورتحال کو تاحال بہتر کرنے میں ناکام ہے ، ایک طرف بجلی کے بھاری بل اور ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار ہے جوکم نہیں ہو رہی اور دوسری طرف کے الیکٹرک کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر نرخوں میں مزید اضافے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ  کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی ، بدترین لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ نے نہ صرف کراچی کے شہریوں بلکہ تاجروں کو بھی دہرے عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے ، 8سے 12گھنٹے تک ہونے والی بدترین لوڈشیڈنگ نے ایک طرف عوام کی زندگی اجیرن بنائی ہوئی ہے تو دوسری طرف چھوٹے تاجر اور کاروباری افراد بھی اپنا کاروبار ختم کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں اور حقیقی معنوں میں اس سنگین صورتحال نے عوا م اور تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

 حافظ نعیم الرحمن نے واضح اور دو ٹوک انداز میں کہا کہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر نیپرا کی جانب سے نرخوں میں اضافے کے خلاف نیپراسماعت میں اس کی بھر پور مخالفت کرے گی ، نگرں حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کو نوازنے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  کے الیکٹرک کے لائسنس میں عبوری مدت کے اضافے کو ختم کرے ، لائسنس کے اجراء کو ری اوپن کرے اور کراچی کے لیے بجلی کی پیدوار کو این ٹی ڈی سی سے منسلک کرتے ہوئے ترسیل کے نظام میں دیگر کمپنیوں کو بھی شامل کرے ۔