کوئٹہ: نگراں وزیراعظم اور آرمی چیف کی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شرکت

1185

کوئٹہ: نگراں وزیراعظم اور آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے، جس میں نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان، انسداد اسمگلنگ، انسداد منشیات آپریشنز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکا کو سی پی ای سی، نان سی پی ای سی، پرائیویٹ منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی سیکورٹی اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے بارے میں بھی  تفصیلات بتائی گئیں۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں  غیر ملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے اقدامات، اور بلوچستان میں ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کی جانب سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ  صوبے کے امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے۔

اجلاس  میں آرمی چیف چیف سید عاصم منیر نے  کہا کہ  فوج ایل ای اے اور دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے پوری قوت کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ وسائل کی لوٹ مار اور ان سرگرمیوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والے معاشی نقصانات کو روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر ایس آئی ایف سی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا ہر صوبے میں علاقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے اور اس شعبے میں ترقی سے علاقے کے لوگوں کے لیے معاشی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم اور آرمی چیف کا استقبال وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر بلوچستان کور نے کیا۔