پیٹرول، بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج اُجالا لائے گا، لیاقت بلوچ

382
crutches

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرول، بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج اُجالا لائے گا۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصر اللہ رندھاوا، امیر جماعت اسلامی راولپنڈی سید عارف شیرازی سے ملاقات اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کی تقریب میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعتِ اسلامی اور  سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی، بجلی، پیٹرول، گیس قیمتوں اور ٹیکسوں کے ہوشربا اضافے کے خلاف جماعتِ اسلامی کے گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے اور کراچی میں عوامی احتجاج وہ چراغ ہے جو اندھیروں کو ختم اور روشنیاں و  اُجالے لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو نااہل حکمرانوں اور مفادپرست کرپٹ مافیاز نے اپنے جال میں پھنسا دیا ہے۔ جماعتِ اسلامی عوام کو غلامی سے نجات دِلائے گی اور پاکستان میں خود انحصاری، خودداری، اپنی قوم، اپنے وسائل پر اعتماد اور بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کی بحالی سے بابرکت اسلامی معاشی نظام لائے گی۔ عوام جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں۔ ملک کو ان شا اللہ بحرانوں سے نکال لیں گے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قبضہ اور غاصب بھارتی فوج کے مظالم سے دُنیا غافل رہی لیکن بھارتی فاشزم اور مودی صہیونی گٹھ جوڑ پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کے بعد کینیڈا میں بھی خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ مودی فاشسٹ عالمی دہشت گرد قوتوں کا آلہ کار ہے۔ عالمی اداروں اور قوتوں کو بھارتی دہشت گردی کو لگام دینا ہوگا وگرنہ پورا خطہ ازسرِنو دہشت گردی کی لپیٹ میں آجائے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے ملک گیر انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ترازو نشان کے امیدوار جماعتِ اسلامی کے منشور، جماعتِ اسلامی کی ساکھ، خدمات اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے پیغام کے ساتھ گھر گھر، مسجد مسجد، دکان دکان عوام سے رابطہ کررہے ہیں۔ ووٹرز میں جماعتِ اسلامی کیلیے بڑی پذیرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام فوجی حکمرانی، پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے اسلوبِ حکمرانی اور ناکامیوں سے تنگ آگئے ہیں۔ عوام کو اب مسیحا کی تلاش ہے۔ الیکشن کمیشن، نگراں حکومت اور انتظامی اداروں کی اولین ذمے داری آئینی مدت میں انتخاب کرانا ہے۔ انتخاب سے فرار سب کے لیے بڑی تباہی ہوگی۔