جعلی انجن آئل تیار کرکے فروخت کرنیوالا گروہ گرفتار

515

لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادرے ایف آئی اے نے بین الاقوامی کمپنیوں کے نام پر جعلی موبل آئل (انجن آئل) تیار کرکے فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کی ہدایت پر کاپی رائٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نام پر موبل آئل تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا  گیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون کی ہدایت پر بادامی باغ    اور سبزہ زار  میں چھاپا مار کاروائی کے دوران 4 ملزمان سرفراز احمد، وقار محمود، محمد عادل اور نیئر رفیق  غیر معیاری انجن آئل کی تیاری اور فروخت میں ملوث  پائے گئے، جنہیں موقع پر گرفتار  کرلیا گیا۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں معروف کمپنی کا پائریٹڈ غیر معیاری انجن آئل برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان غیر معیاری انجن آئل تیار کرکے کمپنی کا نام استعمال کرکے مارکیٹ میں فروخت کر رہے تھے۔ اس غیر معیاری انجن آئل سے نہ صرف گاڑیوں کو نقصان بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافے کا باعث بن رہا تھا ۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج  کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔