دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، متعدد دیہات زیر آب، فصلیں تباہ

859
destroyed

اوکاڑہ: دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث متعدد دیہات زیر آب آگئے، سینکڑوں ایکڑ پر تیار فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔دریائے ستلج میں سیلابی ریلے کی آمد سے متعدد بند ٹوٹ گئے، کئی دیہات کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔متاثرین کی اپنے مدد آپ کے تحت بند باندھنے کی کوششیں جاری ہیں، بابا فرید پل، موضع ببلانہ، فیروز پور چشتیاں، پیر غنی کے علاقے متاثر ہوئے ہیں، شاہو بلوچ، باقرکی، ماڑی انب، کوٹ بخشا، بھینی نورجہانیاں اور دیگر علاقے سیلاب کی زد میں آ گئے ، سینکڑوں ایکڑ اراضی ایک بار پھر سے زیرآب آ گئی جس سے کسان پریشانی کا شکار ہیں۔

ادھر عارف والا میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر مختلف علاقوں میں سرکاری اسکولز بند کر دئیے گئے ، 6 سرکاری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں تاحکم ثانی معطل رہیں گی، بند ہونے والے سکولز میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ، بند ہونے والے سکولز میں ٹبی لال بیگ ،نورا رتھ، جلال جموں، ماڈھو فیروزکا اور سالم رتھ شامل ہیں۔

ستلج میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پہ 2 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزرنے کا امکان ہے، اس وقت پانی کی آمد 144135 کیوسک ہے پانی کا اخراج 144135 کیوسک ہے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اہلکار اور پاک فوج کے دستے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔