مردان ریلوے ا سٹیشن پر فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید

174

مردان ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پولیس اور پورٹرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو پولیس کانسٹیبل شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں چار پورٹر زخمی بھی ہوئے، متعدد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ریلوے اسٹیشن پر لیز کے تنازع کے باعث پیش آیا۔

ریلوے حکام نے گزشتہ روز مال کو سیل کر دیا تھا جس کے بعد دونوں گروپوں میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ اس سے قبل مردان کے علاقے زادہ مٹہ میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران ایک سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اعجاز خان شہید جب کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) سمیت تین دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔

مقابلہ اس وقت شروع ہوا جب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ کیا جس کے نتیجے میں ایس پی اعجاز خان شہید ہوگئے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ بہادر ایس پی دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنے۔

ڈی ایس پی سمیت زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ آپریشن کے دوران پولیس فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دو مطلوب عسکریت پسند مارے گئے۔