بینظیر نشوونما پروگرام  کے تحت  770,000 مستحق خواتین اور انکے بچے مستفید ہورہے ہیں، شازیہ مری

445

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ  اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے بدھ کو ورلڈ فوڈ پروگرام  کے کنٹری ڈائریکٹر  کرس کائے سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔

اس موقع پر  سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد اور ڈی جی(سی سی ٹی) بھی موجود تھے۔  شازیہ مری نے کنٹری ڈائریکٹر  کرس کائے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر نشوونما پروگرام اپنے ابتدائی  مراحل سے آگے بڑھ چکا ہے اور اب  ملک بھر میں مستحق افراد اس  پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔

بینظیر نشوونما  پروگرام کے تحت   ملک بھر میں 488 سہولت مراکز کے ذریعے 770,000 دودھ پلانے والی ماں اور شیر خوار بچوں کو خصوصی غذائیت سے بھرپور خوراک (SNF) اور نقد وظائف فراہم کئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے بینظیر نشوونما پروگرام کے لیے ڈبلیو ایف پی کی جانب سے فراہم کی جانے والی تکنیکی معاونت پر  ان کاشکریہ ادا کیا اور کہا  کہ بی آئی ایس پی مستحقین میں رقوم کی ادائیگی کے جدید اور شفاف  طریقہ کار کو نافذ کرنے  کیلئے کوشاں ہے۔

محترمہ شازیہ مری نے کہا کہ  “بینظیر سماجی تحفظ اکانٹس”  کا آغاز نقد رقم کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ اقدام  خواتین کو انکے  پسندیدہ بینکوں کا انتخاب کرنے کے قابل بنا تا ہے تاکہ یہ خواتین با آسانی اپنی رقم نکلوا سکیں۔ڈبلیو ایف پی کے کنٹری ڈائریکٹر نے بی آئی ایس پی کی قابل ستائش خدمات کی فراہمی کو سراہا اور ڈبلیو ایف پی اور بی آئی ایس پی کے درمیان شراکت داری جاری رکھنے اور بالخصوص   قدرتی آفات  کے دوران  غریب طبقے کی بنیادی  ضروریات  کو پورا کرنے کے عزم کو ظاہر کیا۔