ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے، جاوید قصوری

392

  فیصل آباد: جماعت اسلامی پنجاب کے امیر محمد جاویدقصوری نے کہا ہے کہ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو استعمار کے غلاموں سے نجات دلا کر حقیقی آزادی کی بنیاد رکھی جائے۔

جاوید قصوری نے کہاکہ قوم تینوں بڑی جماعتوں کی حکومتوں کے تلخ تجربات سے گزر چکی ہے۔ ان کے ہوتے ہوئے ترقی، امن اور خوشحالی ممکن نہیں۔ سابق اور موجودہ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیاہے ۔عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل، ترقی ،امن اور خوشحالی کے لئے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے۔جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی ،کرپشن اور اقرباء پروری کا کوئی داغ نہیں وہی ملک کا وقار بہتر کر سکتی ہے۔ ملک میں قیادت کا ایک خلا پیدا ہوچکا ہے جسے صرف جماعت اسلامی پر کرسکتی ہے۔

رہنماجماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ عوام نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی آزمالیا ہے اب وہ کسی کے دھوکہ میں نہیں آئیں گے۔ حکومت نے بیڈ گورننس کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔عوام نے موجودہ اور سابق حکمرانوںسے جو توقعات اور امیدیں وابستہ کی تھیں وہ مایوسی میں بدل گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اور سابق حکومتوں نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا اور سودی معیشت کی شکل میں اللہ اور اس کے رسولۖ سے جنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔