کراچی پورٹ کے دو ٹرمینلز کا آپریشن ابوظہبی کے حوالے، معاہدے پر دستخط

668

کراچی پورٹ کے دو ٹرمینلز کا انتظامی کنٹرول 50 سال کے لیے ابوظہبی پورٹ گروپ کو سونپ دیا گیا۔

ابوظہبی پورٹس نے پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینلز کا انتظامی کنٹرول حاصل کرنے کے لئے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس پر دستخط کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، معاہدے پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین سیدین رضا اور ابو ظہبی گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جمعہ شمسی نے دستخط کئے۔

اس موقع پر یواے ای کی جانب سے وزیرتوانائی اور انفرااسٹرکچر سہیل محمد المزروعی، وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی اور کراچی میں دبئی کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی، گورنرسندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلی مراد علی شاہ، وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ فیصل سبزواری سمیت متعلقہ حکام موجود تھے۔

معاہدے کے تحت پی آئی سی ٹی کا نام بدل دیا جائے گا اور نیا نام کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ ہوگا، ٹرمینل کو جدید بنانے پر 22 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے جبکہ 10 سال میں 1.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، اسٹوریج اور بلک کارگو ٹرمینل کی گنجائش بڑھانے کے ساتھ برتھوں کی گہرائی بھی بڑھائی جائے گی۔

معاہدے کے مطابق ابوظہبی پورٹ گروپ کو کراچی پورٹ پر 50 سال کی مدت کے لیے کنٹینر ٹرمینل کا انتظامی کنٹرول دیا گیا ہے، سرمایہ کاری کا دورانیہ 10 سال ہے، بڑا حصہ 2026 میں انویسٹ کیا جائے گا، ابوظہبی پورٹس گروپ اور متحدہ عرب امارات کے خلیل ٹرمینلز پرمشتمل جوائنٹ وینچر ٹرمینل آپریٹ کرے گا۔

کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ کراچی پورٹ کی ایسٹ وہارف پورٹ کی برتھ نمبر 6 سے 9 پر مشتمل ہے، برتھوں کی گہرائی، کوئے وال میں توسیع اور کنٹینرز اسٹوریج کی گنجائش  میں اضافہ کیا جائے گا۔

نئی سرمایہ کاری سے 8500 کنٹینرز لانے والے پوسٹ پینامیکس جہاز بھی لنگر انداز ہوسکیں گے۔کنٹینرز رکھنے کی گنائش ساڑھے ساتھ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کنٹینرز کی جائیگی، ابوظہبی پورٹس گروپ کی سرمایہ کاری سے کراچی کی میری ٹائم انڈسٹری میں پوزیشن مستحکم ہوگی۔

ٹرمینل کی تمام آمدن ڈالر میں ہوگی، ٹرمینل کا موجودہ نیٹ ریونیو 55 ملین ڈالر سالانہ ہے، ٹرمینل سے سالانہ خالص آمدن کا اندازہ 30 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔