رواں سال ایک لاکھ 72 ہزار 710 کلمہ گو فریضہ حج ادا کریں گے

482

اسلام آباد: رواں سال ایک لاکھ 72 ہزار 710 پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے 30 لاکھ سے زائد کلمہ گو فریضہ حج ادا کریں گے۔

حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 27 جون کو ادا کیا جائے گا جبکہ سعودی حکومت کی جانب سے عازمین کیلئے مناسک حج کی خوش اسلوبی سے ادائیگی کیلئے منی، مزدلفہ اور عرفات میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔

حجاج کرام کیلئے قربانی کے سلسلہ میں سعودی بینکوں اور دنیا کے مختلف ممالک کے حج مشنز کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں تاکہ قربانی کے فریضہ کو بروقت اور آسان بنایا جا سکے۔

سعودی فرمانروا اور خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے حج کے موقع پر مملکت سعودی عرب میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کیلئے ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سعودی حکومت کے تما م ادارے 24 گھنٹے فرائض سرانجام دے رہے ہیں کیونکہ کورونا وبا کے بعد تین سال تک جزوی طور پر محدود رہنے کے بعد رواں سال پوری تعداد کے ساتھ فریضہ حج ادا کیا جائے گا۔