صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے لیگل ایڈ کمیٹی قائم

439
Committee

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے میڈیا ہاؤسز میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے لیے سینئر نائب صدر محمد منصف کی سربراہی میں لیگل ایڈ کمیٹی قائم کر دی.

قائم کی گئی کمیٹی جبری برطرفیوں، کم تنخواہوں، تںخواہوں میں تاخیر، بقایاجات کی ادائی سمیت دیگر حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ یہ فیصلہ کے یوجے دستورکے صدر خلیل ناصر کی صدارت میں کراچی پریس کلب میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جہاں صحافیوں کے مسائل پر تفصیلی غورکیا گیا۔اجلاس میں بول ملازمین کو تنخواہوں سے اور دیگر حقوق سے محروم رکھنے کا معاملہ بطورخاص زیربحث آیا۔

اجلاس میں بول انتظامیہ کی جانب سے کراچی بیورو کی ملازمین کی جبری برطرفی پر گہری تشویش کااظہار کیا گیا اورفیصلہ کیا گیا کہ جلد بول انتظامیہ سے اس معاملے پر احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔

جنرل سیکریٹری کے یوجے دستور نعمت خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بول انتظامیہ نے ملازمین کے ساتھ رویہ درست نہ کیا تواحتجاج کے ساتھ ساتھ جلد متعلقہ فورمز سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔