قومی اقتصادی کونسل: 1150 ارب کا وفاقی ترقیاتی بجٹ منظوری

368

اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے لیے 1150 ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی ۔

آئندہ مالی سال کے لیے شرح نمو 3.5 فیصد اور مہنگائی کے لیے 21 فیصد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے مطابق آئندہ مالی سال کا ترقیاتی پروگرام مالیاتی خسارہ مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے، جس پر آئی ایم ایف کو اعتراض نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی بل میں کمی کے لیے صوبوں کو بازار 8 بجے بند کروانے کا کہا ہے۔ آئندہ 10 سال کے لیے سیاسی استحکام میسر آئے گا تو ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں برآمدات اور زراعت کی بہتری کے لیے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔ اجلاس میں این ایچ اے کے لیے 161 ارب روپے، آبپاشی کے منصوبوں کے لیے 110 ارب روپے، ایس ڈی جیز کے لیے 90 ارب روپے، ایچ ای سی کے لیے 60 ارب روپے ، زراعت کے لیے 45 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ 4 سال کی خراب کارکردگی کے باعث ملک کی قرض کی ادائیگی ٹیکس محصولات سے بڑھ گئی ہے ۔ موجودہ بحران کے حل کے لیے آئندہ 10 برس کے لیے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔