یکم جولائی سے دکانیں، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

346

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے دکانیں اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے بتایا کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں توانائی بچت کے منصوبے پر مشاورت ہونے کے بعد ملک بھر میں بازار اور دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کی منظوریدی گئی۔

وفاقی وزیر کے مطابق اجلاس میں تمام صوبوں کی نمائندگی تھی اور اس موقع پر موجود تمام شرکا نے صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلے کی منظوری دی۔ احسن اقبال نے بتایا کہ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ صوبوں میں مارکیٹیں اور دکانیں رات 8 بجے تک بند کرنے کے فیصلے پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ توانائی پر ہمارے سب سے زیادہ اخراجات آتے ہیں، جسے کنٹرول کرنے کے لیے بڑے فیصلے اور سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ان اخراجات کو کنٹرول کر سکیں تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی پیداوار کا ہے۔گھریلو صارفین کی طلب پوری کرنے کے لیے بازار رات کو جلد بند کرنے پر سب نے اتفاق کیا اور ہم اس حوالے سے مستقبل میں مزید اہم فیصلے بھی کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کی صوبائی وزرائے اعلیٰ نے بھی تائید کردی، جس کے مطابق پرانے بلب کی جگہ ایل ای ڈی لائٹس لانے اور گرین انرجی منصوبے پر عمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں توانائی پالیسی لاگو کی جائے گی اور امپورٹڈ فیول بل کو کم کیا جائے گا۔