سندھ حکومت سوا 2 ارب قرض پر 22 ارب سود ادا کرکے بھی مقروض

396
holiday

کراچی: سندھ حکومت سوا 2 ارب روپے کے قرض پر 22 ارب روپے سے زائد کا سود ادا کرکے بھی وفاق کی 13 ارب رپے کی مقروض  ہے۔30 سال بعد بھی معاملہ حل نہیں ہو سکا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے مالی سال 1994-95ء میں وفاقی حکومت سے 2 ارب 23 کروڑ 83 لاکھ 67 ہزار روپے کا قرض ( کیش ڈیولپمنٹ لون ) لیا تھا جس پر 30 برس میں 22 ارب 27 کروڑ 65 لاکھ 90 ہزار روپے سود کی مد میں ادا کیے گئے، اور اس کے باوجود بھی سندھ حکومت پر 13 ارب 29 کروڑ 25 لاکھ 50 ہزار روپے واجب ہیں۔

محکمہ خزانہ کی دستاویز کے مطابق مالی سال 2014-15ء تک 12 ارب 75 کروڑ 79 لاکھ 95 ہزار روپے ادائیگی کے باوجود 14 ارب 13 کروڑ 23 لاکھ روپے واجب الادا رہ گئے تھے، جس کے بعد مالی سال 2021-22ء میں 15 ارب 23 کروڑ 53 لاکھ روپے واجب تھے۔

رواں مالی سال کے دوران 4 ارب 21 کروڑ 74 لاکھ 30 ہزار روپے کے واجبات سود کی مد میں ادا کیے گئے۔ اس کے باوجود بھی  13 ارب 29 کروڑ 25 لاکھ 50 ہزار روپے کے واجبات ہیں۔

اس سلسلے میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت 2001ء میں کیش ڈیولپمنٹ لون پر سود ختم کرنے کا حکم دیا گیا تھا مگراس پر بھی عملدرامد نہیں ہو سکا تھا جس کے باعث آج تک سندھ حکومت اربوں رپے کا سود ادا کر رہی ہے۔