آئی پی ایل میں شاہین شاہ آفریدی میرا پہلا انتخاب ہوں گے، سابق آسٹریلوی کرکٹر

548
آئی پی ایل میں شاہین شاہ آفریدی میرا پہلا انتخاب ہوں گے، سابق آسٹریلوی کرکٹر

 ممبئی: سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر نے کہا ہے کہ اگر انڈین پریمیئر لیگ  (آئی پی ایل ) میں پاکستانی کرکٹرز پر پابندی نہ ہوتی تو سرحد پار کے کئی اسٹارز کی خدمات انتہائی مہنگے داموں حاصل کی جاتیں، ایک بھارتی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت سے متعلق اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی باولر حارث روف دنیا کے بہترین ڈیتھ باولرز میں سے ایک ہیں، اسی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے آئی پی ایل میں انہیں مہنگے ترین داموں میں خریدا جاتا۔ سنجے منجریکر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی بیٹرز سے زیادہ پاکستانی باولرز کا انتخاب کرنا پسند کریں گے۔

پاکستانی بیٹر فخر زمان میں بھی آئی پی ایل کی کئی ٹیمیں دلچسپی لے سکتی ہیں۔ اسی طرح وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کسی ٹیم میں ہونا نمایاں فرق لاسکتا ہے۔ اس موقع پر سابق آسٹریلوی کرکٹر ٹام موڈی نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کیلئے بہترین قرار دیا۔

انہوں نے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی میرا پہلا انتخاب ہوں گے۔ ٹام موڈی نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان سمیت پاکستان کے پاس بہترین کرکٹرز ہیں۔ خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کا جواب نہیں۔