الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان میں مزید 30 گھر سیلاب متاثرین کے حوالے کر دیے

309
الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان میں مزید 30 گھر سیلاب متاثرین کے حوالے کر دیے

لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان ساؤتھ افریقہ  ایسوسی ایشن کے تعاون سے  بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں مزید 30 گھروں کی چابیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے حوالے کر دیں۔

اسی حوالے سے جعفر آباد میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں  مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار،ضمیر حیدر،سماجی شخصیت انجینئر  عبد المجید  بادانی،  پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسو سی ایشن  کے چئیرمین  امانت علی تارڑ،افارن افیئرز  ہیڈ محمود  احمد بٹ،  الخدمت  فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل قمر ابراہیم اور سینئر منیجر  میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی  سمیت  مقامی ذمہ داران  اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔

الخدمت فاؤنڈیشن  بلوچستان کے سیکر ٹری جنرل  قمر ابراہیم نے اِس موقع پر بتایا کہ  گزشتہ سال آئے سیلاب میں جعفرآباد، بلوچستان کے  سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں ہے جہاں کئی ماہ تک 4 سے 8 فٹ تک پانی کھڑا رہا ،جس سے لوگوں کے گھر،  فصلیں اور مال مویشی شدید متاثر ہوئے۔

اِس صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے جہاں ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے خدمات جاری رکھیں، وہیں محفوظ جگہوں پر گھروں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبہ جات پر کام کرنا بھی شروع کیا۔ اِس سلسلے میں جعفر آباد کی سماجی شخصیت  انجینئر عبد المجید  بادانی نے  27 ایکٹر زمین عطیہ کی  جس پر 175  سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے گھروں، مسجد، پانی کے منصوبے اور کھیل کا میدان بنانے کا کام جاری ہے۔سیلاب متاثرین کو دیے گئے گھروں کی زمین کے مالکانہ حقوق انہی خاندانوں کو دیے گئے ہیں اور  ایک گھر میں کمرہ، کچن اور غسل خانہ سمیت  مال مویشی کے لیے  بھی شیلٹر بنایا گیا ہے۔

پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسو سی ایشن کے  چیئرمین امانت علی تارڑ نے  اِس موقع پر کہا کہ  الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنی موثر خدمات کے باعث نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی اثرات مرتب کیے  ہیں۔ پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن  ساؤتھ افریقہ میں موجود پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم ہے  جو کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد  میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ گزشتہ سال آئے سیلاب کے بعد  ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد مرحلہ وار تعمیر نو کے کاموں میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

محمود احمد بٹ  نے اِس موقع پر کہا کہ جعفر آباد جیسے دور دراز علاقوں میں متاثرین تک پہنچنا الخدمت فاؤنڈیشن کا خاصہ ہے اور  ہم سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں سروے سے لے کر چابیاں حوالگی تک تمام مراحل میں موثر حکمت عملی پر  الخدمت کی مقامی، ریجنل اور مرکزی ٹیم کے شکر گزار  ہیں۔

مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار نے اِس موقع پر کہا  کہ الخدمت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے  ‘خدا کی بستی’   کا قیام عمدہ آئیڈیا ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن  کی  سیلاب متاثرین کے لیے  خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو   نیکی اور خیر کے کاموں میں  اپنا بھر پور  کردار ادا کرنا چاہیے۔علیم ڈار نے خدا کی بستی میں  بچوں کے لیے کھیل کے  میدان بنانے اور کھیلوں کا سامان مہیا کرنے  میں بھی مکمل  تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ الخدمت فاؤنڈیشن  پاکستان کے سینئر  منیجر میڈیا ریلشنز   شعیب ہاشمی نے  بتایا کہ   الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان تعمیرِ وطن پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیرومرمت کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

الخدمت نے متاثرہ علاقوں میں سروے کے بعد ترجیحاً بیوہ خواتین، معذور افراد، مزدور طبقہ اور چھوٹے زمینداروں کو شامل کیا گیا اور اب تک  جعفرآباد میں 175گھروں پر محیط خدا کی بستی سمیت  ملک بھر  میں 1800 گھر مکمل  کرکے سیلاب متاثرین کے حوالے کیے جا چکے ہیں جبکہ  4700 مکانات زیر تعمیر ہیں۔