ایچ ای سی کی طرف سے جامعات کے 37معذور طلبہ میں الیکٹرک وہیل چیئرزکی  تقسیم

362
ایچ ای سی کی طرف سے جامعات کے 37معذور طلبہ میں الیکٹرک وہیل چیئرزکی  تقسیم

اسلام آباد:  وزیراعظم وہیل چیئر اسکیم کے سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں  تقریب مختلف جامعات کے 37 طلبہ میں وہیل چیئزز تقسیم کی گئیں۔ 

اس موقع پروزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ ترقی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کا اثاثہ ہیں اور حکومت نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔

انھوں نے کہا کہ جسمانی طور پر معذور طلبہ مستقبل کے حوالے سے اعلی ویژن کے حامل ہوتے ہیں،نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح کے لیے حکومت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت مختلف پروگراموں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ 

انہوں نے معذور طلبہ کوزیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے وزیراعظم الیکٹرک وہیل چیئر اسکیم کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پروگرام معذور طلبہ میں الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کرنے کے لیے 2017 میں شروع کیا گیاتاکہ ان کے تعلیمی سفر میں معاونت فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے اگلے مرحلے میں سماعت اور بینائی سے محروم طلبہ میں ضروری آلات تقسیم کیے جائیں گے۔ اپنے افتتاحی کلمات میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے بتایا کہ2017 میں شروع کی جانے والی اسکیم کے پہلے مرحلے میں 206، جبکہ دوسرے مرحلے میں 159وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آخری مرحلے میں 240طلبا میں وہیل چیئرز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکٹرک وہیل چیئر ز وصول کرنے والے طلبہ نے بھی اظہار خیال کیا ۔