بچوں کو تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، گورنر پنجاب

276

لاہور:گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں سندھ کے پارلیمنٹیرینز کے وفد نے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے قانون سازی اور بین الصوبائی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں انہیں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مسلم لیگ ن کے پچھلے دور میں صوبہ پنجاب میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو بھٹوں سے نکال کر زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ گھریلو ملازمین بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے غیر سرکاری تنظیم ایل آر ایف کی خدمات قابل تعریف ہیں۔انہوں نے سندھ حکومت کی طرف سے گھریلو ملازمین بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گھریلو ملازمین بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پنجاب ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2019 پاس کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب اسمبلی کو عوامی خواہشات کے برعکس وقت سے پہلے تحلیل کرنے کی وجہ سے نئی قانون سازی ممکن نہیں۔