گورنر پنجاب سے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی ملاقات

440

لاہور: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ9 مئی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک اور ملک کی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسندوں کی جانب سے اداروں، فوجی تنصیبات پر حملے اور شہدا کی یادگاروں کی بے توقیری کرنا ناقابل برداشت فعل ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دین اسلام میں شہدا کے لیے اعلی ترین مرتبوں کی بشارت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی عزت و تکریم ہم سب پر واجب ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت معاشی چیلنجز کے باوجود ملک میں ترقی اور استحکام لانے کے لیے پر عزم ہے۔ ماضی میں بھی مسلم لیگ( ن) کے دور حکومت میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں مثالی اقدامات کیے گئے اور جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ موجودہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی وجہ سے اس سال گندم کی فی ایکڑ اوسط پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں کاشتکاروں سمیت عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف دیا ہے۔

سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔