کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

415

کراچی: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے)اور کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نیپرا کو درخواست جمع کروا دی، سی پی پی اے کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کی گئی۔

درخواست کے مطابق اپریل کے مہینے میں 9 ارب 73 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، بجلی کی پیدوار پر 101 ارب روپے لاگت آئی، گزشتہ ماہ فرنس آئل سے 23 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔

 ایل این جی سے 23 روپے 83 پیسے بجلی پیدا کی گئی اور ایران سے 23 روپے 44 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی، کے الیکٹرک نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔

 کے الیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں 48 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا جبکہ سہ ماہی ایڈجسمنٹ کی مد میں 5 روپے 17 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی۔واضح رہے کہ سی پی پی اے اور کے الیکٹرک کی درخواستوں پر نیپرا 31 مئی کو سماعت کرے گا۔