پی ٹی آئی کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت الیکشن کمیشن کے حوالے

424

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت پنجاب کی نگراں حکومت نے الیکشن کمیشن کے حوالے کردیے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا  نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کوایک سیاسی جماعت کے 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پیش کیے گیے جن میں بریفنگ، تصاویر، ویڈیوز، میسجنگ کے ثبوت شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ 9 مئی کو ایک سیاسی جماعت نے پوری پاکستانی قوم کو شرمسار کیا۔عسکری تنصیبات پر حملے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے۔جیو فینسنگ کے ذریعے حملہ آوروں اور زمان پارک میں موجود سیاسی لیڈرشپ کے درمیان رابطوں کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔سیاست کی آڑ میں گھناؤنا کھیل کھیلا گیا اور ابتدائی تخمینے کے مطابق 600 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام کے تحفظ کے لیے بہترین اور جرات مندانہ  اقدامات کیے ہیں۔ پنجاب حکومت کی ٹیم سے مطمئن ہوں کہ وہ اپنے فرائض دیانت داری سے ادا کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور پرامن عام انتخابات کرانا ہے، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اور نہ کوئی سیاسی مقصد ہے۔

اجلاس میں پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور موجودہ حالات کے تناظر میں سیکورٹی انتظامات پر از سر نو نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے 9 مئی کو جناح ہاؤس اور دیگر عسکری تنصیبات پر حملوں کی تفصیلات سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آگاہ کیا۔