گولڈن ٹیمپل کے قریب ایک ہفتے کے دوران تیسرا دھماکہ

716

نئی دہلی:بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کے قریب ایک ہفتے کے دوران تیسرا دھماکا ہوگیا۔ 

بھارتی پولیس کے مطابق رات گئے ہونے والے دھماکے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے جبکہ دھماکے کی شدت معمولی تھی ۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے تاہم علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور فرانزک ٹیم دھماکے کے مقام پر موجود ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے 5افراد کو گرفتار کیا ہے لیکن ان کے بارے میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ 

اس سے قبل 8مئی اور 6مئی کو ہونے والے دھماکوں میں دو افراد زخمی ہوئے تھے ، پولیس ابھی تک ان دھماکوں کی وجوہات سامنے نہیں لا سکی۔ 

بھارتی پنجاب میں مارچ میں سخت گیر اور علیحدگی پسند سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا،دنیا بھر کے سکھ گولڈن ٹیمپل سے بے حد عقیدت رکھتے ہیں لیکن یہاں ماضی میں بھی پرتشدد واقعات ہو چکے ہیں۔