عید الفطر پر ٹریفک پولیس نے چالان کے بجائے پھول پیش کیے

368

لاہور: ٹریفک پولیس کی جا نب سے عید الفطر کے موقع پر قانون کی معمولی خلاف ورزی کرنے والوں کو چالان کے بجائے پھول پیش کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کی مختلف سڑکوں پر عید کے روز ٹریفک پولیس اہل کاروں نے شہریوں میں پھول بانٹے۔

 ایس پی صدر آصف صدیق نے مال روڈ پر شہریوں کو پھول پیش کیے جبکہ ایس پی سٹی شہزاد خان نے مختلف شاہراہوں کا دورہ کیا اور شہریوں کو پھول دیئے ۔

 سی ٹی او لاہور کی ہدایت پر سرکل افسران نے اپنے اپنے سرکل میں گاڑی چلانے والوں کو پھول تقسیم کیے۔

انہوں نے کہا کہ چالان صرف سنگین خلاف ورزی پر کیا جارہا ہے۔ معمولی خلاف ورزی پر شہریوں کو آگاہی دینے کے ساتھ صرف تنبیہ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے والدین سے اپیل کی کہ وہ عید تعطیلات میں اپنے بچوں پر خصوصی توجہ دیں اور کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل یا گاڑی نہ دیں۔کم عمر بچے حادثات کا سبب بنتے ہیں۔