نگران وزیراعلی پنجاب کی ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

369

لاہور: نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعلی محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک ہوں، ایسٹر بے آسرااور مستحق افراد کے ساتھ وقت گزارنے اورخوشیاں تقسیم کرنے کا نام ہے، ایسٹر انسانی زندگی میں بھلائی اور صالح اوصاف کی طرف مائل ہونے کے جذبہ کا مظہر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی برادری امن پسند اور ہمارے لئے قابل احترام ہے، مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات، وطن سے محبت اور وابستگی شک وشبہ سے بالا تر ہے۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لیے بلا تفریق مذہب و نسل مساوات، آزادی اور سلامتی کی تلقین کی، ہمیں آج محبت، بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کرنے کا عہد کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے۔