نوجوانوں میں دل کے دورے کا امکان بڑھ گیا

455

حالیہ برسوں میں نوجوانوں میں دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے۔ امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ماہرین ِ صحت نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ یہ رجحان 20، 30 اور 40 برس کی عمر کے افراد میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ وطن ِ عزیز میں بھی گزشتہ چند سال سے نوجوان افراد میں امراضِ قلب کی وجہ سے اموات میں بے تحاشا اضافہ رپورٹ ہوا، اور اسپتالوں میں روزانہ 30۔ 35 سال سے کم عمر افراد دل کے دورے کی وجہ سے لائے جاتے ہیں، اور 30 سے 40 سال کی عمر کے افراد میں دل کے دوروں اور امراضِ قلب کے سبب اموات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ نوجوانوں میں دل کے دورے کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویش کا باعث ہے۔ دل کا دورہ ایک سنگین طبی حالت ہے جو دل کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، حتیٰ کہ موت کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ عام طور پر بڑی عمر کے افراد میں دیکھا جاتا ہے، لیکن اب نوجوانوں میں بھی تیزی سے عام ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک کی عام وجوہات ناقص غذائی عادات، ورزش کی کمی اور تمباکو نوشی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض حالات جیسے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپا بھی خطرے کو بڑھا سکتے ہیں، لیکن اب ایک بڑی وجہ معاشی بھی بن چکی ہے۔ یہ ایک خطرناک رجحان ہے جس پر طبی برادری اور معاشرے دونوں کی طرف سے فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں میں دل کے دورے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اس ضمن میں صحت مند طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی، طبی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنانا اور دل کے دورے کے خطرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا شامل ہیں۔