پی ڈی ایم حکومت کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، اپوزیشن لیڈر سندھ

345

کراچی:قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل  نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک سے انقلاب کی شروعات ہوچکی ہے پی ڈی ایم حکومت کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

 حلیم عادل نے کہا سندھ بھر سے پی ٹی آئی رہنما و کارکنان تیار بیٹھے کپتان کے حکم پر سب گرفتاریاں دیکر جیلیں بھر دیں گے، ملک و قوم کے خاطر عمران خان کی طویل جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہاکہ  اس وقت چوروں کو ملک پر مسلحط کر کے ملک کو تباہ کر دیا ہے مہنگائی نے عوام کو پیس کر رکھ دیا ہے، ماضی میں 10 روپے پیٹرول کے اضافے مہنگائی مارچ نکالے جاتے تھے اب وہ لوگ کونسی بلوں میں جاکر چھپ گئے ہیں جب پیٹرول 273 روپے لیٹر ہوچکا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی  نے کہا کہ بلاول زرداری وزیر خارجہ بننے کے بعد کبھی کبھی پاکستان آتے ہیں زیادہ تر بیرونی ممالک کے دوروں پرہوتے ہیں ایک لفظ بھی بلاول زرداری نے مہنگائی کے خلاف نہیں بولا ہے، بہت جلد چوروں کا خاتمہ ہوگا انصاف کی حکمرانی قائم ہوگی مہنگائی بھی کم کرکے دکھائیں گے اور ملک کو مدینے کی ریاست بھی بنائیں گے۔