تحریکوں کی کامیابی میں خواتین کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، نصراللہ رندھاوا

1932
International Women's Rights

اسلام آباد : امیر جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ پر نظر دوڑائیں یا اسلام کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تحریکوں کی کامیابی میں ہمیشہ خواتین کا کردار بہت اہم رہا ہے۔

حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کے ورکرز کنونشن سے  خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم  سب مسائل میں گھرے ہوئے ہیں لیکن ہر طرح کے حالات میں رہنمائی کے لیے ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ کو دیکھنا ہے۔

نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے صحابہ نے جنگیں لڑیں اور قحط کا مقابلہ کیا،سخت سے سخت حالات سے نبرد آزما ہوئے لیکن کوئی چیز ان کو دعوت الی اللہ سے باز نہ رکھ سکی۔اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ 23 سال کے مختصر عرصے میں یہ دعوت لاکھوں افراد تک پہنچی اور اسلام دنیا کے سامنے نے ایک بڑی طاقت بن کر ابھرا۔

ورکرز کنونشن میں جماعت اسلامی اسلام آباد  کے دوسرے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد سے مرکزی شوری کی رکن زبیدہ اصغر نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقامت دین پیغمبری شعبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے زمانے میں اس کام کو تکمیل تک پہنچایا،آج شر کے مقابلے میں کھڑے ہونا ہماری زمہ داری ہے تاکہ خیر کی طاقت شر پر حاوی ہوسکے اور ہم ایک پرامن معاشرے کے شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے مرد وخواتین سب کو اٹھنا ہوگا۔

مارگلہ زون کی ناظمہ شوری کی رکن طوبی محسن  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جتنا اخلاص پیدا کرتے جائیں گے ،شخصیت نکھرتی چلی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مقاصد اور مشن ہمیں بڑا بناتے ہیں،جب ہم اپنی صلاحیتیں اور وقت لگائیں گے اور اس مشن کے لیے جدو جہد کریں گے تو اس کہ مثبت اثرات ہمیں گھر ،خاندان اور معاشرے پر محسوس ہونے لگیں گے۔

نائب ناظمہ ضلع ضائقہ ضمیر نے اختتامی خطاب میں تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ،تحائف تقسیم کیے اور شرکا سے وعدہ لیا کہ ہم اقامت دین کی جد وجہد کے لیے پر عزم رہیں گے۔