پیپلزپارٹی کراچی شہر کے میئر کا خواب دیکھنا چھوڑ دے، سراج الحق

556
madhouse

پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تاریخ پر تاریخ دے کر کراچی کے عوام کو اپنی اصل قیادت سے محروم رکھنا چاہتا ہے۔ الیکشن کمیشن کا سندھ حکومت سے مرعوب ہونا افسوس ناک ہے، انتخابات ہوئے عرصہ گزر گیا، لیکن اب تک نتائج کا حتمی نہ ہونا ناقابل فہم ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی شہر کے میئر کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔

سراج الحق نے کہا کہ  کراچی کی عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا ہے اور اس مینڈیٹ کا تحفظ کرنا جماعت اسلامی جانتی ہے، الیکشن کمیشن نتائج پر انصاف نہیں کر سکتا۔ نتائج میں مزید تاخیر سے الیکشن کمیشن اپنی ساکھ خراب کر رہا ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی انتخابات کے حوالے سے سماعت کو طول دینے کی بجائے فوری طور پر نتائج کا اعلان کر کے انصاف فراہم کرے، جن 11یوسیز میں باوجوہ الیکشن کا عمل نہیں ہوا اس کی تاریخ کا اعلان بھی کرے۔

انہوں نے کہاکہ یہ کیسا انتخابی نظام ہے کہ عوام کا مینڈیٹ لینے کے باوجود نتیجہ کے حصول کے ہر مرحلہ پر دھاندلی ہوتی ہے، بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ ووٹ اور نشستیں حاصل کیں ہیں، اہل کراچی کے مینڈیٹ پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ اداروں اور حکومت پر ہر جگہ تنقید ہو رہی ہے۔ حالات بہتر نہ ہوئے تو حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔