اسمبلیوں کے بیک وقت قومی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے، امیر العظیم

432

لاہور:سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے کے لیے جو شیڈول جاری کیا گیا ہے ان انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کی مدت صرف چند ماہ ہے، جس سے ملک کے قیمتی سرمائے کا ضیاع ہو گا۔

امیر العظیم نے کہاکہ  دو صوبوں (پنجاب اور خیبرپختونخوا ) میں نگران سیٹ اپ کی بجائے پورے ملک میں نگران حکومتیں قائم کی جائیں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے بیک وقت قومی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات موجودہ بحران کا حل نہیں بلکہ ایک ہی دن قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات مسائل کا حل ہو سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی ضمنی انتخابات کی بجائے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی بجائے قومی انتخابات کی تیاری کے لیے بھرپور کام کر رہی ہے  اور اپنی اانتخابی سرگرمیوں کو تیز کرے گی۔ جہاں امیدواران کا چنائو اب تک نہیں ہوا وہاں یہ عمل مکمل کیا جائے گا۔ عنقریب اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں ملک گیر انتخابی امیدواروں کا کنونشن منعقد کیا جائے گا۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ کارکنان گھر گھر جا کر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں، جماعت کے دعوتی کام کو وسعت اور تنظیم کو محترک کریں۔ پولنگ سکیم کے مطابق انتخابی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ پورے ملک میں قومی انتخابات کے لیے فضا بن سکے۔ انتخابی حلقہ جات کی سطح پر ناظمین انتخاب کو سارے کام کو منظم کرنے کی بھی ہدایات دی جائیں۔