امریکا کا سوڈان میں سفارت کار کے قاتل کو رہا کرنے پر اظہار تشویش

361

واشنگٹن:امریکا نے سوڈان کی جانب سے ایک امریکی سفارت کار اور سوڈانی شہری کے قتل میں سزا یافتہ مجرم عبدالرﺅف ابوزید کو جیل سے رہا کرنے کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے،

غیر ملکی میڈیاکے مطابق ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے عبد الرﺅف ابوزید کی رہائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم قانونی عمل میں شفافیت کے فقدان کی وجہ سے سخت پریشان ہیں جس کے نتیجے میں مجرم کو رہا کیا گیا ہے۔

پرائس نے کہا کہ سوڈانی حکام کی جانب سے یہ غلط دعوی کیا گیا ہے کہ امریکی حکومت نے مجرم کی رہائی پر رضا مندی ظاہر کی تھی،رپورٹس کے مطابق ابوزید کے اہل خانہ نے بتایا کہ اسے سوڈانی حکومت اور متاثرین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت رہا کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سوڈانی شہری ابوزید کو 2008میں امریکی سفارت خانے کے ملازم جان گران ویل اور اس کے سوڈانی ڈرائیور عبدالرحمان عباس کی فائرنگ سے ہلاکت کے کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔