نیوسبزی منڈی: ٹرانسپورٹرز کا پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاج

286

کراچی: نیوسبزی سپرہائی وے پر ٹرانسپورٹرز نے اپنی گاڑیاں کھڑی کرکے پیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔

مظاہرے میں شرکاء نے حکومتی زیادتیوں اور ظلم پر شدید نعرے بازی کی اور پیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں کئے گئے حالیہ اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔سندھ بلوچستان مزدہ ورکرز یونین کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عمران مسعودنے کہاکہ مملکت خدادادپاکستان میں غریبوں پر زندگی تنگ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ  غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام فاقوں پر مجبور ہے۔

صوبائی صدر عطاء اللہ بلوچ نے اپنے خطاب میں کہاکہ عالمی منڈی میں پیٹرول وڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں مزید مہنگاکرناحکومتی بدنیتی کو ظاہر کرتاہے، پیٹرول کی قیمتوں کو خاطر خواہ نیچے نہ لایاگیا توڈرائیورزاور ٹرانسپورٹرز ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔

 شرکاء نے فوری طورپر مہنگائی کو کنٹرول کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کادائرہ مزید بڑھانے کے لئے لائحہء عمل تیارکرنے کا اعلان کیا۔