پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کیلیے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلیے منظور

511

لاہور: پنجاب میں گورنر کی جانب سے انتخابات کی تاریخ نہ دیے جانے کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔

تحریک انصاف نے صوبے میں جنرل الیکشن کی تاریخ نہ دیے جانے کے خلاف درخواست دائر کی، جس کی سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن میں انتخابات ہو جانے چاہییں۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ تحریک انصاف کی درخواست میں اہم قانونی نقطہ اٹھایا گیا ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس جواد حسن کے روبرو پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90روز کے اندار الیکشن ہونے ہیں، تاہم گورنر پنجاب نے تاحال انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔عدالت گورنر کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کی ہدایت دے۔

جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیے کہ میں اس بات پر آپ سے متفق ہوں کہ 90روز میں الیکشن ہونے چاہییں، سوال یہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کون کررہے ہیں۔ آپ سب سے پہلے الیکشن کمیشن کو فریق بنائیں۔ پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھی گورنر پنجاب کو الیکشن کی تاریخ دینے کے حوالے سے مراسلہ لکھا  ہے، گورنر نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔

جسٹس جواد حسن نے کہا کہ 90 دن میں الیکشن کرانے ہیں۔ کس نے کرانے ہیں یہ ہم ڈھونڈ لیں گے۔ ہم جمہوریت کے لیے جدوجہد کریں گے۔

عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے گورنر پنجاب کو بذریعہ سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے 3 فروری تک جواب طلب کرلیا۔