پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، مولانا عبد الحق

362

کوئٹہ:امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا ہے کہ روپیہ کی بے توقیری ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35روپے اضافہ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، حکمران آئی ایم ایف کیلئے قوم کا قتل کر رہے ہیں۔

مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکمران  اپنی شاہ خرچیاں ،پوٹوکول اور مراعات چھوڑنے کے بجائے مہنگائی میں اضافہ کر رہے ہیں، غریب عوام سے جینے کا حق چھیننے والے قوم کے خیر خواہ نہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مستردکرتے ہیں ۔

 ان کا کہنا تھا کہ لٹیرے حکمرانوں نے ملک وملت اور قومی خزانہ کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، قومی سرمایہ ناکام نااہل حکمرانوں اسٹیبلشمنٹ کے کھاتوں میں منتقل ، جائیداددوں میں اضافہ ہوا ہے،حکمران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں یا اقتدار چھوڑ کر اپنی نااہلی کا اعتراف کریں ۔

انہوں نے کہاکہ مہنگائی سمیت ملک کو بحرانوں سے نکالنا سیاسی قیادت کی ذمے داری ہے۔پٹرول ڈیزل 35روپے لیٹر اضافہ اورآٹا سمیت ہوشربامہنگائی نے عوام کے صبرکا پیمانہ لبریزکردیا ہے،  ملک کو قرضے نہیں امن وروزگار کی ضرورت ہے کیونکہ قرضوں سے حکمران ٹولہ عیاشیاں جبکہ قوم کی نسلیں مقروض بن جاتیں ،نجات کا واحد حل شریعت کانظام اوردیانتدارقیادت کا انتخاب ہے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اقتدارو سیاسی رسہ کشی میں حکمرانوں کو سیلاب متاثرین کوبھلادیا ہے۔سیلاب کو 6ماہ گذرگئے مگر حکومت نے زبانی جمع خرچ کے سواکچھ بھی نہیں کیا۔آج بھی نوے ہزارسے زایدسیلاب متاثرین بے یارومددگار اورکھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پرمجبور ہیں۔