شمالی وزیرستان سے آئل کمپنی کے 4 مغوی ملازم بازیاب،  2 اغوا کار ہلاک

319
kidnappers

میرانشاہ: سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان سے گزشتہ روز اغوا کیے گئے تیل کمپنی کے چاروں ملازمین کو بازیاب کرالیا،فائرنگ کے تبادلے میں2اغوا کار ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اہلکار اور تیل کمپنی کے 2 ملازمین زخمی ہوئے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر میرانشاہ کے علاقے ہمزونی میں خٹی کلی کے قریب آپریشن کرکے مغویوں کو بازیاب کرایا گیا۔ آپریشن کے دوران سپاہی زفران اور تیل کمپنی کے 2 ملازمین اغوا کاروں کی فائرنگ سے زخمی بھی ہوئے۔ جس کے بعد زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ایف ٹی سی اسپتال میرانشاہ منتقل کردیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 اغواء کارہلاک بھی ہوئے۔ ہلاک اغوا کاروں کی لاشیں سیکورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیں۔ اغوا کاروں کی شناخت سے متعلق کوئی تفصیلات فی الحال میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ چاروں ملازمین کو جمعہ 20 جنوری کو اغوا کیا گیا تھا۔ چاروں ملازمین شمالی وزیرستان کے علاقے انغرکلی کے قریب سروے کیلئے گئے تھے، تاہم کام سے واپسی پر ملازمین کو نامعلوم مسلح افراد اغوا کرکے لے گئے تھے۔