ابھی ایسے کارڈ باقی ہیں کہ پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہو جائینگے، عمران خان

1102
Imran Khan

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میرے پاس ابھی ایسے کارڈ باقی ہیں کہ اگر میں کھیلوں تو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے۔

سینئر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے اسمبلی کی تحلیل کے بعد بھیجی ایڈوائس میں الیکشن کی تاریخ نہ لکھ کر آئین کی خلاف ورزی کی، انہوں نے کہا کہ اس اقدام کو عدالتوں میں چیلنج کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر مجھے نااہل بھی کردیا گیا تو تب بھی لوگ تحریک انصاف ہی کے نظریے کو ووٹ دیں گے۔ ملک میں منصفانہ الیکشن کا انعقاد نہ کیا گیا تو صورت حال سری لنکا جیسی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھر بھی اگر عام انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو سڑکوں پر احتجاج کرنے کا کوئی آپشن زیر غور نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار سے متعلق صرف اتنا کہوں گا کہ وہ ساری تباہی کا ذمے دار ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے اندر توڑ پھوڑ کے حوالے سے سنجیدہ آوازیں سننے کو مل رہی ہیں، مسلم لیگ ن کی موروثی سیاست کے خلاف پہلی آواز چوہدری نثار نے بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پی ڈی ایم مشترکہ طور پر عوام کے سامنے بے نقاب ہورہی ہے۔ یہ مکمل طورپر فیل ہو چکے ہیں۔ ان کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں۔ پی ڈی ایم نے مشترکہ طور پر عوام کے وسائل کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا جب کہ صرف پی ٹی آئی ہی ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے پاس ابھی بہت سے ایسے کارڈ باقی ہیں جب کھیلوں گا تو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے۔