بھاری مقدار میں منشیات کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام

440
drugs

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی بھاری مقدار میں ملک سے باہر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق انسداد منشیات کے لیے کارروائیاں ملک بھر میں جاری ہیں۔  اس حوالے سے گوادر کے قریب ایک کارروائی میں بلوچستان کے راستے 100 کلو گرام چرس بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے برآمد کرلی گئی ہے۔

دوسری کارروائی پنجاب میں شیخوپورہ ٹول پلازہ کے نزدیک کی گئی، جس میں ایک کار سے 44 کلو اور 400 گرام چرس جب کہ 16 کلو اور 800 گرام افیون برآمد کرلی گئی۔ اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، جو کہ لاہور کا رہائشی ہے۔

دریں اثنا خیبر سے پشاور منشیات اسمگلنگ کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔ اے این ایف کے مطابق پشاور بس ٹرمینل پر 2 افراد جن میں ایک افغان باشندہ اور دوسرا خیبر کا رہائشی ہے، سے دو ہزار نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق تمام کارروائیوں میں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور حکام نے تحقیقات شروع کردی ہے۔