کورونا ،17نئے کیس رپورٹ،13 مریضوں کی حالت تشویشناک

370

اسلام آباد:مہلک عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 17نئے کیس رپورٹ ہوئے، 13مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

قومی ادارہ برائے صحت( این آئی ایچ) کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار136کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے17ٹیسٹ مثبت آئے ۔ اس دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 0.41 فیصد رہی۔اس دوران کورونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 13مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ملک بھر کے مختلف شہروں میں24گھنٹوں کے دوران کئے گئے ٹیسٹوں میں اسلام آباد میں263ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہاں پر مثبت کیسوں کی شرح 1.14فیصد رہی ۔اسی طرح لاہور میں 221 ٹیسٹوں میں سے 4 کے ٹیسٹ مثبت جبکہ وہاں شرح 1.81 فیصد، کراچی میں کئے گئے186 ٹیسٹوں میں سے 2 مریضوں کا ٹیسٹ مثبت جبکہ وہاں شرح 1.08فیصد اور راولپنڈی میں 124 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک مریض کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ وہاں مثبت کیسوں کی شرح 0.81فیصد رہی۔